بھٹکل، 24 / اکتوبر (ایس او نیوز) کے ایس آر ٹی نے منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لئے بھٹکل، منی پال اور کاسرگوڈ سے جلد ہی الیکٹرک بسیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے کے ایس آر ٹی سی کی طرف سے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لئے والوو بسوں کی سروس شروع کی گئی تھی ، مگر مسافروں کی کمی کی وجہ سے یہ سروس بند کر دی گئی ۔
اب معلوم ہوا ہے کہ اس نئے منصوبے کے تحت چار الیکٹرک بسیں ایئر پورٹ جانے اور آنے کے لئے دستیاب رہیں گی ۔ ایئر لائن کمپنیوں کی طرف سے بھی اپنے ویب سائٹس پر ان بسوں کی ٹائمنگ اور دیگر تفصیلات فراہم کی جائیں گی ۔ اس ضمن میں کے ایس آر ٹی کے افسران اور ایئر لائن کمپنیوں کے بیچ بات چیت چل رہی ہے ۔
الیکٹرک بسوں کے لئے خصوصی پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوتی ، صرف رجسٹریشن کافی ہوتا ہے ۔ کے ایس آر ٹی سی کی طرف سے منگلورو ڈیویژن کے لئے جملہ 45 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی اور ان میں سے 4 بسیں منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے روٹ پر چلیں گی ۔ بقیہ بسوں کو دھرمستھلا، اڈپی، کاسرگوڈ، کنداپورا اور بھٹکل روٹ پر چلایا جائے گا ۔ ان بسوں کے لئے الیکٹرک چارجنگ کی سہولت منگلورو، اڈپی، دھرمستھلا اور کنداپورا میں دستیاب رہے گی ۔
کے ایس آر ٹی سی افسران کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ پوری چارج ہونے کے بعد یہ بسیں 200 کلو میٹر تک کا سفر طے کر سکتی ہیں اور فل چارجنگ کے لئے اسے چار گھنٹے کا وقفہ ضروری ہوتا ہے ۔ اس لئے دور دراز مقامات کے لئے ان بسوں کا استعمال نہیں کیا جا سکتا ۔